Time 25 جولائی ، 2024
پاکستان

پارٹی اور عمران خان نے فیصلہ کیا تھا کہ جی ایچ کیو پر احتجاج ہونا چاہیے: سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے اسد قیصر  اور  فواد چوہدری کی تردید کرتے ہوئےکہا ہےکہ پی ٹی آئی اور  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ جی ایچ کیو  پر  احتجاج ہونا چاہیے۔

ایک انٹرویو میں سلمان اکرم راجہ  نےکہا کہ زمان پارک اور جوڈیشل کمپلیکس واقعات کے بعد پارٹی میں مشاورت کے بعد یہ طے کیا گیا تھا کہ اگر ایسا دوبارہ ہوتا ہے تو احتجاج وہیں ہوگا جہاں ہونا چاہیے، پارٹی کی اس مشاورت میں بانی پی ٹی آئی بھی شامل تھے۔

 ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ رپورٹروں کی اس خبر سے اتفاق کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کرنے کا کہا تھا؟ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں۔

اس سے قبل بھی ایک انٹرویو میں  سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ جس ادارے سے شکایت ہوتی ہے اس کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا جاتا ہے۔

 سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے معاملے پر پارٹی کی سطح پر بات ہوئی تھی کہ سول نوعیت کے معاملات ہیں تو پولیس کو گرفتاری کرنی چاہیے، ایسا نہیں ہوا تو احتجاج انہی اداروں کے دفاتر کے باہر کیا جائےگا جو گرفتاری کریں گے۔

مزید خبریں :