Time 30 جولائی ، 2024
پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع
4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے: سردار سرفراز—فوٹو: فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اس وقت گلشن اقبال،یونیورسٹی روڈ،صفورہ چورنگی، شاہ فیصل ٹاؤن میں بارش ہورہی ہے۔

اس کے علاوہ کراچی آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش کا آغاز ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ 24 گھنٹے کےدوران مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہےکہ جولائی میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہا ہے، 16سے 23 جولائی کے دوران درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا اور جولائی میں دو ہی مون سون اسپیل کراچی پر اثر انداز ہوئے، دو اسپیلز میں سرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی،  پورے شہر میں یکساں بارش نہ ہوسکی۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں دوپہر تک اچھی بارش کا امکان ہے اور رات گئے تک یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا تاہم  4 اگست سے مشرقی سندھ سے شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہونگی، 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :