30 جولائی ، 2024
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات پرجوڈیشل کمیشن بنانے پرمسلم لیگ ن کےاوسان خطا ہوگئے۔
ایک بیان میں بیرسٹرسیف نے کہا کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر (ن) لیگ کی رہنماؤں کی تنقید بے جاہے، بےجا تنقید کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال کالی ہے، 9 مئی واقعات کو جواز بناکر حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانےکی ناکام کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات پرجوڈیشل کمیشن بنانے پرمسلم لیگ (ن) کےاوسان خطا ہوگئےہیں، (ن) لیگ کی جعلی حکومت خود بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کےلیے تیار نہیں، عمران خان نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائےگا، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ (ن) لیگ کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد حکومت کو ایک ایک زیادتی کا حساب دینا ہوگا۔