Time 31 جولائی ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس کے چوتھے روز بھی میڈلز ٹیبل پر جاپان کی برتری برقرار

پیرس اولمپکس کے چوتھے روز بھی میڈلز ٹیبل پر جاپان کی برتری برقرار
فوٹو: پیرس اولمپکس 2024

پیرس اولمپکس کے چوتھے روز بھی میڈلز ٹیبل پر جاپان کی برتری برقرار ہے، مقابلوں میں تین نئے اولمپک ریکارڈ بھی بن گئے ہیں۔

دو دن کے بعد امریکی ٹیم نے بھی پیرس اولمپک گیمز میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب حاصل کر لی ۔

چوتھے روز کا پہلا گولڈ میڈل شوٹنگ میں سربیا کے نام رہا جو اُس کا پہلا سونے کا تمغہ بھی تھا، ٹین میٹر ائیرپسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سربیا نے ترکیہ کو 16، 14 کے اسکور سے شکست دی، اسی ایونٹ میں بھارت نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

شوٹنگ کے ہی مینز ٹریپ ایونٹ میں برطانیہ کے نیتھن ہیلز نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت لیا، اُنہوں نے 48 پوائنٹس اسکور کیے جبکہ سابقہ ریکارڈ چیک ری پبلک کے شوٹر کے پاس تھا جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں 43 پوائنٹس بنائے تھے، مقابلے میں چین نے چاندی اور گوئٹے مالا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں چین نے شمالی کوریا کو 2-4 کے اسکور سے ہرایا، جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

جوڈو میں مینز کی اکیاسی کلو گرام کیٹیگری میں جاپان کے ناگاسی تاکا نوری نے سونے کا تمغہ جیتا، جارجیا نے چاندی اور تاجکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

جوڈو کی ویمن 63 کلوگرام کیٹیگری میں سلوینیا کی آندریا لسکی نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، ان مقابلوں میں چاندی کا تمغہ میکسیکو اور کانسی کا تمغہ کوسوو نے جیتا۔

امریکا گیمز میں دو دن کے مقابلوں کے بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیا ب رہا، سونے کا یہ تمغہ امریکا نے ویمن آرٹسٹک جمناسٹک میں حاصل کیا، اس ایونٹ میں اٹلی نے سلور اور برازیل نے برانز میڈل جیتا۔

ویمن رگبی سیونز میں نیوزی لینڈ نے سونے کا تمغہ جیتا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو 12 کے مقابلے میں 19 پوائنٹس سے ہرایا، ویمن رگبی سیونز میں کانسی کا تمغہ امریکا کے نام رہا۔

سوئمنگ کے ویمن سو میٹر بیک اسٹروک میں آسٹریلوی پیراک کیلی میکیون نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کاتمغہ جیتا، اُنہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑا، اسی ایونٹ میں چاندی اور کانسی کے تمغے امریکی پیراکوں نے جیتے۔

آئرلینڈ نے سوئمنگ کے مینز 8 سو میٹر فری اسٹائل میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، ڈینیئل ویفن نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، وہ پہلے آئرش پیراک بھی ہیں جنہوں نے اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا ہے، اسی ایونٹ میں امریکا نے چاندی اور اٹلی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

چوتھے روز اٹلی نے فینسنگ کے ویمن ایپی ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا، فائنل میں فرانس کو 29-30 کے اسکور سے شکست دی۔

مزید خبریں :