Time 31 جولائی ، 2024
پاکستان

کے پی: موسلادھار بارشوں سے دریائے چترال میں سیلاب، پل، مکانات اور فصلیں بہہ گئیں

کے پی: موسلادھار بارشوں سے دریائے چترال میں سیلاب، پل، مکانات اور فصلیں بہہ گئیں
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کی باعث دریائے چترال میں اونچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی، پل، پولیس چوکی، مکانات، مساجد، باغات اور فصلیں بہہ گئیں، جبکہ سڑکیں بند ہوجانے سے ٹریفک کی روانی بھی معطل ہوگئی۔

گولین وادی میں سیلابی ریلے نے 16 گھروں کو ملیا میٹ کردیا، لوئر چترال میں بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

چترال میں موسلادھار بارشوں کے باعث پہاڑوں سے آنے والے سیلاب سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور دریا بپھرگیا سیلابی ریلے سے چترال، مستوج، شندور روڈ بند ہوگیا۔

سیلاب سے فصلوں، باغات، مساجد اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے، سیلابی ریلا پولیس چوکی کے ساتھ ساتھ کوغزی پل کو بھی بہا لے گیا، ساتھ ہی علاقے میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بند  اور راستے بحال ہوتے ہی واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

چترال مستوج روڈ ریشن شادیر کے مقام پر دریا کی کٹاؤ کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ہے۔

انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ دریا سے لکڑیاں نکالنے اور دریا کے قریب جانے سے گریز کیا جائے۔

پچھلے سال طوفانی بارشوں کے بعد نالے میں مٹی بھر کر عارضی راستہ بنایا گیا تھا جو سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے، سیلابی صورتحال کی پیش نظر گلگت اور اپر چترال روڈ، کالاش ویلی روڈ اور شی شی کوہ ویلی روڈ بھی بند ہوگیا ہے۔

ادھر مانسہرہ میں بھی موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے، بیشتر سڑکوں پر آمد و رفت بند ہوگئی ہے، پل، مکانات، باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، شاہراہ کاغان پر بھی مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  آمد و رفت روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب صدر ہوٹل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ناران میں پھنسے تمام سیاح محفوظ ہیں، پھنسے سیاحوں کو قیام فری اور طعام میں 50 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔

مزید خبریں :