Time 31 جولائی ، 2024
دنیا

حماس نے اپنے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کردیا

حماس نے اپنے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کردیا
ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اس کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے: حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق/ فائل فوٹو

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کردیا۔

حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہادت پر عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی سزا دی جائے گی، یہ ایک سنگین واقعہ ہے، ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اس کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔

حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پاپولرفرنٹ فارلبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کے لیے اپنا سب سے قیمتی مال دیا، فلسطینی اپنے مقصد کے لیے ہر عزیز اور قیمتی چیزپیش کرنےکو تیار ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کرگیا ہے، اسرائیل نے معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے، مزاحمتی تنظیمیں جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے، اسرائیلی حکومت ہنیہ کےقتل اورایرانی خودمختاری پرحملےکے گناہ پرپچھتائے گی، شہید اسماعیل ہانیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے تہران کے قلب میں ایک میزائل فائرکیا گیا جہاں اسماعیل ہنیہ اپنے محافظ سمیت موجود تھے۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی اطلاع کے بعد غزہ اور مغربی کنارے میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

واضح رہےکہ  حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے، حملے میں ہنیہ کے ساتھ ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا۔

مزید خبریں :