31 جولائی ، 2024
ایپل کے آئی فون 16 سیریز کی ڈیوائسز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس سیریز کے چاروں آئی فونز کے بارے میں مسلسل لیکس سامنے آرہی ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سال کی ڈیوائسز کا ڈیزائن لگ بھگ گزشتہ سال جیسا ہی ہوگا۔
مگر پھر بھی کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی۔
آئی فون 16، 16 پلس، 16 پرو اور 16 پرو میکس کے ممکنہ ڈیزائن کی جھلکیاں لیکس میں سامنے آچکی ہیں۔
لیکس کے مطابق آئی فون 16 کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ کا ڈیزائن تبدیل کیا جائے گا جبکہ یہ 6.1 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہوگا۔
اس کے ڈمی یونٹس کی تصاویر بھی لیکس میں سامنے آئی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سال آئی فون 16 میں بھی آئی فون 15 پرو جیسا ایکشن بٹن دیا جائے گا جبکہ ایک نئے Capture بٹن کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔
اس نئے بٹن کو تصاویر کھینچنے اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
6.7 انچ کے ڈسپلے والے اس نئے آئی فون کا ڈیزائن بھی آئی فون 16 جیسا ہی ہوگا۔
یعنی اس کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ کا ڈیزائن گزشتہ سال کے ماڈل سے مختلف ہونے کا امکان ہے جبکہ 2 اضافی بٹن بھی ڈیوائس کا حصہ بنیں گے۔
آئی فون 16 پرو میں 6.3 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا مگر اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ گزشتہ سال کے ماڈل جیسا ہی ہوگا۔
البتہ اس میں Capture بٹن کا اضافہ ضرور کیا جائے گا اور ڈسپلے بیزل یا کناروں کی پٹی کو کم کیا جائے گا، اس سے ہٹ کر یہ فون گزشتہ سال کے آئی فون 15 پرو جیسا ہی ہوگا۔
ایپل کی آئی فون 16 سیریز کے سب سے مہنگے ماڈل میں نئے Capture بٹن کا اضافہ کیا جائے گا۔
گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں اس بار ڈائنامک آئی لینڈ کا حجم مختصر کیا جائے گا۔
اسی طرح گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں اس نئے فون کی اسکرین 6.9 انچ کی ہوگی (آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کی اسکرین دی گئی تھی)۔
ایسا بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 16 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
ایک لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 16 پرو میکس میں بیزل کا حجم 0.06 انچ سے بھی کم ہوگا۔