31 جولائی ، 2024
پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنے پر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی(آئی او سی) کی جانب سے تو کوئی انعامی رقم نہیں لیکن مختلف ملکوں نے اپنے ایتھلیٹس کیلئے پرکشش انعامات کا اعلان کیا ہے جس میں سرفہرست ہانگ کانگ ہے۔
ہانگ کانگ کے ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی کرنسی کے مطابق 21 کروڑ روپے ملیں گے۔
پیرس میں جاری اولمپکس میں کھلاڑیوں کے درمیان میڈلز کی جنگ جاری ہے اور اس جنگ میں پلیئرز کے حوصلے بلند رکھنے کیلئے مختلف ملکوں نے ایتھلیٹس کیلئے انعامات کا اعلان کیا ہے ۔
ہانگ کانگ کے اعلان کے مطابق گولڈ میڈل جیتنے پر اس کے ایتھلیٹ کو 7 لاکھ 68 ہزار امریکی ڈالرز ملیں گے جو پاکستانی کرنسی میں 21 کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔
ہانگ کانگ کے سلور میڈلسٹ کو 3 لاکھ 84 ہزار ڈالرز جبکہ برانز میڈلسٹ کو ایک لاکھ 92 ہزار ڈالرز ملیں گے۔
سنگاپور کے حکام اپنے ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل پر 7 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالرز، یعنی 20 کروڑ روپے پاکستانی انعام دیں گے ۔
انڈونیشیا ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل پر پاکستانی کرنسی کے مطابق 8 کروڑ 36 لاکھ، قازق ایتھلیٹس کو 6 کروڑ 97 لاکھ اور ملائیشین ایتھلیٹس کو 6 کروڑ روپے ملیں گے۔
اسپین کے ایتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد انعام ملے گا جو 2 کرورڑ 84 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے ۔
فرانس کے گولڈ میڈلسٹس پاکستانی کرنسی میں 2 کروڑ 42 لاکھ ، جنوبی کوریا کے سوا کروڑ اور امریکی ایتھلیٹس کو حکام سے ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی انعام ملے گا ۔
پاکستان کی 2007 میں منظور ہونے والی اسپورٹس پالیسی کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایک کروڑ روپے کا حقدار ہوگا ۔
پاکستانی حکومت سلور میڈلسٹس کو 50 لاکھ اور برانز میڈلسٹ کو 30 لاکھ انعام دیتی ہے۔