31 جولائی ، 2024
لاہور میں گورومانگٹ روڈ پر وزارت خارجہ کے آفس کے باہر قطار توڑنے والے نوجوان کو پولیس اہلکار نے تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
لاہور میں گورومانگٹ روڈ پر وزارت خارجہ کارابطہ دفتر ہے جہاں بیرون ملک جانے والے طالب علم اور ان کے والدین اسناد کی تصدیق کیلئے آتے ہیں۔ پنجاب بھر سے آنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کی تعداد اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں اور اکثر لوگ رات کو دفتر کے باہر ہی سو جاتے ہیں۔
چند دن پہلے ایک نوجوان نے قطار توڑی تو ڈیوٹی اہلکار غصے میں آگیا، اس نے نوجوان کو ٹھڈے مارے، دھکے دے کر نکال باہر کیا، اس دوران اہلکار نے نوجوان کو گالیاں بھی دیں۔
اہلکار کو معلوم نہیں تھا کہ یہ سارا منظر کسی نے اپنے کیمرے میں محفوظ کر لیا ہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ڈی آئی جی نے نوٹس لے لیا۔ ڈی آئی جی نے کانسٹیبل کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔