02 اگست ، 2024
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ان کی بیٹی خولہ اسماعیل ہنیہ اور بہو ایناس ہنیہ نے دلخراش ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
اسماعیل ہنیہ کی بیٹی خولہ اسماعیل ہنیہ نے والد کی ایران میں شہادت پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمارے والد کو شہادت سے نوازا، ہمارے والد جہاد کر رہے تھے اس لیے شہیدوں میں ان کا انتخاب ہونے پر ہم اللّٰہ کے شکر گزار ہیں اور جنت میں ان کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں۔
خولہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت اگر یہ سوچتی ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرکے اُنہیں سکون ملے گا یا وہ جشن منائیں گے تو ایسا نہیں ہوگا بلکہ خدا کی قسم میرے والد کا خون حشر کے دن تک ان کا پیچھا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ نے چاہا تو اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا مطلب مقدس سرزمین کی فتح ہوگا۔
بہو ایناس ہنیہ کا پیغام:
دوسری جانب بہو ایناس ہنیہ کا کہنا ہے کہ ہم اللّٰہ کی رضا پر راضی ہیں، دل خدا کی مرضی اور تقدیر سے مطمئن ہے، میں ایک ایسے شخص کے جانے کا افسوس کررہی ہوں جس کی اچھائیوں سے زمین و آسمان بھر جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید بزرگ قائد کی موت پر ہم سب افسردہ ہیں لیکن ہمارا ایمان ہے کہ یہ دنیا فانی ہے اور ان شاء اللّٰہ ملاقات جنت میں ہوگی۔
خیال رہےکہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔
غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اسماعیل ہنیہ کی بہن، بیٹوں اور پوتے پوتیوں سمیت خاندان کے متعدد افراد شہید ہوچکے ہیں۔