03 اگست ، 2024
صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ساحل پر ہونے والے حملے میں 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صومالی حکام نے تصدیق کی ہےکہ دارالحکومت موغادیشو کے ساحل پر الشباب نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 32 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق الشباب اور القاعدہ سے منسلک عسکری گروپ نے اپنے ریڈیو اسٹیشن کے ذریعے مشہور لائیڈو بیچ پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔
صومالی حکام کا کہنا ہےکہ حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جوابی کارروائی میں 5 حملہ آوروں کو مار ڈالا جب کہ اس دوران 6 حملہ آوروں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ساحل سمندر پر موجود مقامی افراد ہلاک ہوئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں اب تک 32 عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 60 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔