03 اگست ، 2024
حافظ آباد میں ہوٹل کی لفٹ ٹوٹ کر نیچے گرنے سے اس میں سوار سول جج ساجد بلال اور اہلیہ زخمی ہوگئیں۔
حافظ آباد میں یہ واقعہ گزشتہ رات اس وقت پیش آیا تھا جب سول جج ساجد بلال سدھو اپنی اہلیہ کے ہمراہ کھانا کھانے ایک ہوٹل میں آئے تھے۔
سول جج اور ان کی اہلیہ لفٹ کے ذریعے بالائی منزل پر جا رہے تھے کہ اچانک لفٹ ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں سول جج کی دونوں ٹانگیں فریکچر ہوگئیں جبکہ ان کی اہلیہ بھی شدید زخمی ہوگئی۔
ریسکیو نے زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں سے انہیں اب تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد ریفر کردیا گیا۔
زخمی ہونے والے سول جج کا کہنا تھا کہ ہوٹل کی بالائی منزل پر جانے کیلئے وہ سیڑھیاں استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن ہوٹل کے گارڈز نے انہیں لفٹ کے ذریعے جانے کو کہا اور بالائی منزل کے قریب لفٹ ٹوٹ کر نیچے گرگئی۔
دوسری جانب حادثے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ہوٹل کو سیل کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔