05 اگست ، 2024
پاکستانی فلموں کے سپر اسٹار شان شاہد کی بہن زرقا شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ شان نے انہیں جوانی میں شوبز میں آنے اور ماڈلنگ کی اجازت نہیں دی تھی اور وہ ان سب کے خلاف تھے۔
حال ہی میں زرقا شاہد نے ایک انٹرویو دیا جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ شان کو سب سے زیادہ غصہ کس بات پر آتا ہے؟ جواب میں اداکار کی بہن نے کہا کہ ماضی میں شان خواتین کے شوبز میں آنے کے سخت خلاف تھے۔
زرقا شاہد نےکہا کہ مجھے اپنی جوانی کے دنوں میں ماڈلنگ کرنے کا بہت شوق تھا، میں شوبز انڈسٹری بھی جوائن کرنا چاہتی تھی لیکن میرے بھائی شان نے مجھے ماڈلنگ کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جب بھی اُن کے سامنے ماڈلنگ کی بات کرتی تھی تو وہ سخت ناراض ہوجاتے تھے، مجھے فلموں میں کام کرنے کا شوق نہیں تھا، سہیلیوں کے کہنے پر صرف ماڈلنگ کرنا چاہتی تھی لیکن میرے بھائی کو میرا شوبز میں آنا پسند نہیں تھا۔
شان کی بہن نے انٹرویو میں مزید کہا کہ مجھے بہت حیرت ہوتی ہے کہ میرے بھائی نے اپنی بیٹی کو فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی اجازت کیسے دی؟ ان کی یہ سوچ کیسے تبدیل ہوئی، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ شان نے اپنی سوچ تبدیل کرکے اپنی بیٹی کو فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی اجازت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے بھائی شان کی پرورش میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے کیونکہ ہمارے والد بچپن میں ہی انتقال کرگئے تھے، شان گھر میں کافی سخت قسم کے انسان ہیں۔
زرقا شاہد نے مبہم انداز میں کہا کہ جب لوگ اسٹار بن جاتے ہیں تو وہ اپنے خاندان اور بہن بھائیوں کو بھول جاتے ہیں، میں ایسے لوگوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اسٹار بننے کے بعد یہ نہیں سوچیں کہ اب آپ کو خاندان والوں کی ضرورت نہیں رہی۔