09 جنوری ، 2022
معروف فلم اسٹار شان شاہد نے حال ہی میں بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم گجنی میں کام نہ کرنے کی وجہ بتائی ہے۔
شان شاہد نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور بتایا کہ انہیں بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم گجنی میں ایک کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔
اداکار نے کہا کہ جو کردار مجھے اس فلم میں دیا جا رہا تھا وہ ایک وِلن کا کردار تھا جو بالی وڈ انڈسٹری کا کوئی بھی اداکار کر سکتا تھا، مجھے وہ کردار بالکل پسند نہیں آیا کیونکہ اس کردار کو بچوں کے اعضا فروخت کرتے دکھایا جانا تھا۔
'کوئی نہیں پہچان سکے گا کہ آپ پاکستانی ہیں'
شان نے بتایا کہ میں نے فلم کے میکرز سمیت عامر خان کو بھی اس کردار کے لیے منع کیا اور ایک سوال پوچھا کہ آپ لوگوں کو اس کردار کے لیے ایک پاکستانی کی ہی کیوں ضرورت ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں پہچان سکے گا کہ آپ پاکستانی ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ ان کی اس بات پر میں نے کہا کہ ضرور پتہ چلے گا، میرے بار بار منع کرنے پر بھی جب وہ راضی نہ ہوئی تو میں نے پنجابی میں عامر خان سے ایک بات کہی کہ اگر آپ بھارت کے پہلوان ہیں تو میں پاکستان کا پہلوان ہوں، پیسے لے کر کُشتی نہیں ہاروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کردار اس لیے منع کیا کیونکہ یہ ایسا کردار نہیں تھا جو کرنے کے لیے کسی پاکستانی کو انڈیا بلایا جاتا، انہوں نے بتایا کہ فلم ’’گجنی‘‘ میں ولن کے کردار کے لیے میں نے عامر خان سے پاکستانی اداکار نیر اعجاز کو بھی لینے کی بھی پیشکش کی تھی۔