Time 05 اگست ، 2024
دنیا

حسینہ واجد کا استعفیٰ اور بھارت روانگی، بیٹے نے فوج کے نام پیغام جاری کردیا

حسینہ واجد کا استعفیٰ اور بھارت روانگی، بیٹے نے فوج کے نام پیغام جاری کردیا
نگلادیشی وزیر اعظم ملک میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد اب مستعفی ہوچکی ہیں__فوٹو: اسکرین گریب

بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد وزیراعظم حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا اور وہ ملک چھوڑ کر بھارت چلی گئیں۔

خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حسینہ واجد کے استعفیٰ دینے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ان کے صاحبزادے اور حسینہ کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مشیر صجیب واجد جوئی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔

ویڈیو  میں انہوں نے ملک کی سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ ان کے اقتدار سے کسی بھی طرح کے قبضے کو روکیں کیونکہ لاکھوں مظاہرین نے ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

امریکا میں مقیم صجیب نے فوج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کا فرض ہے کہ اپنے لوگوں اور ہمارے ملک کو محفوظ رکھیں اور آئین کو برقرار رکھیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی غیر منتخب حکومت کو ایک منٹ بھی اقتدار میں نہ آنے دیں، یہ آپ کا فرض ہے۔

انہوں نے خبردار بھی کیا تھا کہ اگر زبردستی اقتدار ختم کیا جاتا ہے تو بنگلادیش کی سالمیت کو خطرہ ہوگا۔

صجیب واجد کے مطابق ہمارے ملک کی تمام تر ترقی ختم ہوجائے گی، اتنے سالوں میں جو مثبت تبدیلیاں ہوئیں وہ سب پہلے جیسی ہوجائیں گی، ملک پیچھے کی طرف چلا جائے گا اور پھر بنگلادیش اس بحران سے نہیں نکل سکے گا۔

حسینہ واجد کے بیٹے نے فوج کے نام جاری پیغام میں مزید کہا کہ میں ایسا نہیں چاہتا، یقیناً آپ بھی ایسا نہیں چاہیں گے، جب تک ہوسکا میں یہ نہیں ہونے دوں گا۔

شیخ حسینہ کا استعفیٰ:

واضح رہے کہ بنگلادیشی وزیر اعظم ملک میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد اب مستعفی ہوچکی ہیں۔

بنگلادیشی فوج نے وزیراعظم حسینہ واجد کو مستعفی ہونے کے لیے 45 منٹ کی ڈیڈ لائن دی تھی

خبر ایجنسی کے مطابق اس وقت بنگلادیشی آرمی چیف سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کر رہے ہیں، آرمی چیف جنرل وقار الزمان کی اس وقت بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) سمیت بڑی سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔

گزشتہ روز فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے بنگلادیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزماں نے کہا تھا کہ فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اب بھی کھڑی رہے گی۔

حسینہ واجد بھارت سے فن لینڈ جائیں گی: بھارتی میڈیا

خبر ایجنسی کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے محفوظ مقام پر منتقلی سے قبل تقریر ریکارڈکرانے کی کوشش کی مگر انہیں تقریر ریکارڈ کرانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے حسینہ واجد بھارت روانہ ہوگئی ہیں جہاں سے وہ فن لینڈ جائیں گی۔  

مزید خبریں :