Time 05 اگست ، 2024
دنیا

والدہ مایوس ہیں اور اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی: حسینہ واجد کے بیٹے کا اعلان

والدہ مایوس ہیں اور اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی: حسینہ واجد کے بیٹے کا اعلان
فوٹو: فائل

بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کے بعد استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہونے والی وزیراعظم حسینہ واجد کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والدہ بہت مایوس ہوئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔

بنگلا دیش کی مستعفیٰ وزیراعظم کے بیٹے اور ان کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مشیر صجیب واجد نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینہ واجد نےجب اقتدارسنبھالا تو بنگلا دیش ایک غریب ملک اور ناکام ریاست تھی۔

انہوں نے کہا کہ والدہ حسینہ واجد نے بنگلا دیش کو ترقی دے کر ایشیا کے اُبھرتے ٹائیگروں میں شامل کیا۔

صجیب واجد نے بتایا ہے کہ حسینہ واجد بہت مایوس ہوئی ہیں اور وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین کے خلاف حکومت کا ردعمل بالکل درست تھا۔

واضح رہے کہ حسینہ واجد کے استعفیٰ دینے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ان کے صاحبزادے اور حسینہ کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مشیر صجیب واجد نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا تھا۔

ویڈیو میں انہوں نے ملک کی سکیورٹی فورسز پر زور دیا کہ وہ ان کے اقتدار سے کسی بھی طرح کے قبضے کو روکیں کیونکہ لاکھوں مظاہرین نے ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکا میں مقیم صجیب نے فوج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کا فرض ہے کہ اپنے لوگوں اور ہمارے ملک کو محفوظ رکھیں اور آئین کو برقرار رکھیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی غیر منتخب حکومت کو ایک منٹ بھی اقتدار میں نہ آنے دیں، یہ آپ کا فرض ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیشی وزیر اعظم ملک میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد اب مستعفی ہوکر بھارت پہنچ گئی ہیں۔ 

مزید خبریں :