Time 05 اگست ، 2024
کھیل

بنگلادیش میں سیاسی کشیدگی، آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا

بنگلادیش میں سیاسی کشیدگی، آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا
فوٹو: آئی سی سی 

بنگلادیش میں سیاسی کشیدگی کے باعث رواں سال اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا۔

یہ دعویٰ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے کیا گیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بنگلادیش کے موجودہ سیاسی حالات کے پیش نظر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بیک اپ وینیوز میں بھارت، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

دوسری جانب  آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں صورتحال کو مانٹیر کیا جارہا ہے، صورتحال سےمتعلق آئی سی سی ، بنگلادیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح ایونٹ میں شریک ہونے والے ممالک کی کھلاڑیوں کی حفاظت ہے۔

 کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 3 ممالک نے اپنے شہریوں کو بنگلادیش کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔

واضح رہے کہ نواں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 بنگلا دیش میں 3 سے 20 اکتوبر تک شیڈول ہے۔

بنگلا دیشی آرمی چیف جنرل وقار الزماں نے پیر کو اعلان کیا کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے دیا اور اب ملک میں عبوری حکومت بنائی جائے گی۔

بنگلادیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیے جانے کے خلاف گزشتہ ماہ کئی روز تک مظاہرے ہوئے تھے جن میں 300 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم کو ختم کردیا تھا مگر طلبہ نے اپنے ساتھیوں کو انصاف نا ملنے تک احتجاج جاری رکھنے اور سول نافرمانی کی کال دے تھی اور ڈھاکا کی طرف مارچ کا اعلان کیا تھا۔ 

مزید خبریں :