06 اگست ، 2024
خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کی جعلی تصدیق کے اسکینڈل کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے آسٹریلیا اور ہانگ کانگ میں محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے جعلی ڈرائیونگ لائسنسز جاری ہونے سے متعلق تحقیقات ایف آئی اے اور صوبائی کمیٹی سے کرانے کی منظوری دی۔
صوبائی کمیٹی میں محکمہ داخلہ، کے پی آئی ٹی بورڈ، پولیس اور محکمہ قانون سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے جعلی لائسنسز سے متعلق ابتدائی رپورٹ چیف سیکرٹری کو بھیجی تھی جس میں ہانگ کانگ اور آسٹریلوی حکومت کی جانب سے موصول شکایات کو درست قرار دیتے ہوئے معاملے کی مزید انکوائری کرانے کی سفارش کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ملک بھر کے ہزاروں شہریوں کو جعلی لائسنس جاری کیے گئے جبکہ نہ صرف دونوں حکومتوں کو بوگس لائسنسز کی تصدیق کی گئی بلکہ بعد میں ان کا ریکارڈ بھی سسٹم سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ میں ادارے کے سافٹ وئیر میں کئی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں دور کرنے کیلئے کے پی آئی ٹی بورڈ کی خدمات حاصل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہانگ کانگ میں 89 اور آسٹریلیا میں متعدد جعلی لائسنسز کی تصدیق کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر وزارت خارجہ کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کو معاملے کی چھان بین کی ہدایت کی گئی تھی۔