Time 07 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

جیا بچن کی شرط کیوجہ سے ابھیشیک کی شادی کس معروف اداکارہ سے نہیں ہوسکی؟

جیا بچن کی شرط کیوجہ سے ابھیشیک کی شادی کس معروف اداکارہ سے نہیں ہوسکی؟
اداکارہ کی والدہ نے جیا بچن کی شرط سے اتفاق نہیں کیا اور یوں دونوں کا رشتہ ٹوٹ گیا__فوٹو: فائل

کیا آپ جانتے ہیں کہ بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن کی شادی سپر اسٹار ایشوریا رائے سے قبل بھارت کی مشہور اداکارہ سے ہونے جارہی تھی؟

اپریل 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ابھیشیک اور ایشوریا کا رشتہ ان دنوں مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور اس بات کا دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے گزشتہ برس سے کیا جارہا ہے۔

دونوں کی جانب سے خاموشی علیحدگی کی افواہوں کو مزید جنم دے رہی ہے جب کہ اسی تناظر میں بھارتی میڈیا آج کل دونوں سے متعلق ماضی اور حال کی خبروں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابھیشیک کی ایشوریا رائے سے شادی ہونے سے قبل ان کی منگنی مقبول اداکارہ کرشمہ کپور سے ہوئی تھی اور دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار تھے، دونوں نے 5 سال تک رومانوی تعلق رکھا لیکن منگنی کے بعد جب کرشمہ کا کیرئیر عروج پر تھا، تب دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپور کی والدہ اور ابھیشیک بچن کی والدہ جیا بچن کا اس رشتے کو ختم کرنے میں اہم کردار رہا، ابتدائی طور پر دونوں خاندان خوش تھے لیکن بعدازاں اس رشتے کو ختم کروادیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق جیا بچن کی شرط تھی کہ کرشمہ کپور شادی کے بعد فلموں میں کام نہیں کریں گی، کرشمہ کی والدہ ببیتا کپور نے اس سے اتفاق نہیں کیا، اس کے ساتھ ہی امیتابھ بچن پر اس وقت قرض کے پہاڑ تھے جس کی وجہ سے ببیتا کپور اس شادی کے خلاف تھیں جب کہ کرشمہ کی والدہ بھی کنفیوز تھیں کہ ابھیشیک بچن کے پاس کتنی جائیداد ہے، ببیتا نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی کسی ایسے خاندان میں جائے جو مشکلات میں گِھری ہو۔

اگرچہ کرشمہ کپور بچن بہو نہیں بنیں لیکن انہوں نے 2003 میں سنجے کپور سے شادی کی، دونوں نے 2014 میں راہیں جدا کرلیں اور طلاق ہوگئی، کرشمہ اور سنجے کے دو بچے سمیرا اور کیان کپور ہیں۔

مزید خبریں :