07 اگست ، 2024
بالی وڈ کی نامور اداکارہ اور بھارتی سیاستدان جیا بچن ان دنوں راجیا سبھا میں ’جیا امیتابھ بچن ‘ کہے جانے کے بعد سے سرخیوں میں ہیں۔
اسی دوران بھارتی میڈیا پر بھی امیتابھ بچن کی بہو ایشوریا رائے کی ایک پرانی ویڈیو شیئر ہو رہی ہے جس میں میزبان کی جانب سے جب ان کا تعارف ’ ایشوریا رائے بچن‘ کہہ کر کیا گیا تو وہ حیران رہ گئیں۔
ویڈیو ماضی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایشوریا کے ایک انٹرویو کا کلپ ہے جس میں میزبان ایشوریہ کا تعارف ’ایشوریہ رائے بچن‘ کہہ کر کرواتی ہیں۔
ایشوریا میزبان کے تعارف پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں اوہ مائی گاڈ! یہ ٹائٹل ہے، ایشوریا کہو جیسے تم مجھے جانتی ہو، جس کے بعد میزبان ان سے سوال کرتی ہیں کیا رائے بچن آپ کا آفشیل سر نیم ہے؟
جس پر ایشوریا جواب میں کہتی ہیں کہ’ ایشوریا رائے کے طور پر مجھے سب جانتے ہیں اور اب ایشوریا نے ابھیشیک بچن سے شادی کر لی ہے تو ظاہر ہے ایشوریا بچن ہوں لیکن مجھے لوگ جس بھی نام سے پکاریں یہ ان کی مرضی ہے‘۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل جیا بچن راجیہ سبھا میں اپنے نام کے ساتھ امیتابھ بچن کا نام جوڑنے پر پھٹ پڑی تھیں۔
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن نے جیا بچن کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سیشن میں خطاب کیلئے مدعو کرتے ہوئے مخاطب کیا تھا کہ ’شریمتی جیا امیتابھ بچن جی پلیز‘۔
جیا بچن نے ڈپٹی چیئرمین سمیت سب کو یاد دہانی کرائی کہ الگ سے ان کی اپنی بھی ایک پہچان ہے، انہوں نے کہا کہ ’صرف جیا بچن بولتے تو کافی ہو جاتا‘۔
یاد رہے کہ ایشوریا اور ابھیشیک کے درمیان طلاق کی خبریں دن بدن زور پکڑتی جارہی ہیں جس کی بنیادی وجہ دونوں کا کئی عرصے سے ایک ساتھ نہ دکھائی دینا ہے جب کہ بھارتی میڈیا پر سنسنی خیز خبروں کے باوجود نا صرف دونوں اداکار خاموش ہیں بلکہ بچن خاندان نے بھی اس معاملے پر کسی قسم کی لب کشائی نہیں کی۔