07 اگست ، 2024
ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ٹیکسٹ سے ویڈیو بنانے والا نیا ٹول متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ نیا ٹول اوپن اے آئی کے ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ماڈل Sora سے مقابلے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اوپن اے آئی کا یہ ماڈل اب تک عام افراد کے لیے دستیاب نہیں۔
مگر ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس کا تیار کردہ اے آئی ٹول Jimeng AI چین میں ایپل کے ایپ اسٹور اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر گوگل پلے اسٹور پر صارفین کو دستیاب ہے۔
اس ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ٹول کو بہت جلد ٹک ٹاک پر بھی استعمال کیا جاسکے گا جس کے ذریعے صارفین تحریری ہدایات کے ذریعے اپنی پسند کی مختصر ویڈیوز تیار کرسکیں گے۔
اس ٹول سے بہت مختصر ویڈیوز تیار کرائی جا سکتی ہیں (5 سیکنڈز تک کی ویڈیو)، جبکہ اسے تصاویر بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے پہلے ہی متعدد اے آئی فیچرز پر کام کیا جا رہا ہے۔
اے آئی چیٹ بوٹس، سرچ ٹولز اور دیگر، مگر اب تک اس میں ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ٹول صارفین کو دستیاب نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ بائیٹ ڈانس کی جانب سے اس ٹول کو ٹک ٹاک کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، کیونکہ اسے اب تک چین سے باہر متعارف نہیں کرایا گیا۔
چین میں صارفین ماہانہ 69 یوآن ادا کرکے اس ٹول کے ذریعے 2050 تصاویر یا 168 اے آئی ویڈیوز تیار کر سکیں گے۔