Time 08 اگست ، 2024
جرائم

گرل فرینڈ کو سالگرہ پر آئی فون دینے کیلئے بیٹے نے ماں کے زیورات چوری کرلیے

گرل فرینڈ کو سالگرہ پر آئی فون دینے کیلئے بیٹے نے ماں کے زیورات چوری کرلیے
فوٹو: فائل

بھارت میں گرل فرینڈ کو سالگرہ پر آئی فون دینے کیلئے نویں جماعت کے طالبعلم نے اپنی ماں کے سونے کے زیورات چوری کرلیے۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ دنوں بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے علاقے نجف گڑھ میں پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 3 اگست کو خاتون کی جانب سے گھر میں چوری کی شکایت درج کروائی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ 2 اگست کو صبح 8 سے دوپہر 3 بجے کے درمیان نامعلوم شخص گھر سے سونے کی دو چین، سونے کی بالیاں اور ایک سونے کی انگوٹھی چوری کرکے لے گیا۔ 

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں پتہ چلا کہ کوئی گھر کے اندر آیا نہ باہر گیا۔ 

تاہم پولیس نے پھر تفتیش کا دائرہ گھر کی جانب موڑا تو انہیں پتہ چلا کہ خاتون کا ایک بیٹا غائب ہے۔

اس کے بعد تفتیشی ٹیم نے لڑکے کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا شروع کیں اور اس کے اسکول کے دوستوں سے پوچھ گچھ کی۔

لڑکے کے دوستوں نے پولیس کو بتایا کہ اس کی کلاس میں پڑھنے والی ایک لڑکی کے ساتھ کافی دوستی ہے اور دونوں ایک دوسرے کوپسند کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ہماری ٹیم کو معلوم ہوا کہ خاتون کے بیٹے نے 50 ہزار روپے کا نیا آئی فون خریدا ہے۔ ٹیم نے لڑکے کی تلاش کے لیے کئی چھاپے مارے لیکن ہر بار وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ 

پولیس کا کہناہے کہ منگل کو ہمیں ایک اطلاع ملی کہ لڑکا  شام 6 بجے کے قریب اپنے گھر آئے گا۔تاہم جیسے ہی وہ گھر آیا  اسے حراست میں لے لیا گیا اور پھر بعد ازاں اس کے قبضے سے ایک آئی فون بھی برآمد کیا گیا۔

نوجوان نے بتایا کہ وہ نویں جماعت کا طالب علم ہے اور نجف گڑھ کے ایک پرائیویٹ اسکول میں پڑھتا ہے۔ اس کے والد کی بیماری کی وجہ سے موت ہو گئی تھی اور اسے پڑھائی میں کوئی دلچسپی نہیں۔

پولیس کے مطابق تفتیش سے معلوم ہوا کہ لڑکے نے گرل فرینڈ کی سالگرہ پر اسے تحفہ دینے کے لیے اپنی ماں سے پیسے مانگے تھے لیکن محدود وسائل کی وجہ سے ماں نے پیسے دینے انکار کر دیا۔ تاہم اس انکار پر ناراض ہو کر لڑکے نے گھر میں موجود سونے کے زیورات چرائے اور سنار کو بیچے اور آئی فون خریدا۔

پولیس نے ایک سنار کو گرفتار کرکے خاتون کے زیورات برآمد کرلیے ہیں۔

مزید خبریں :