Geo News
Geo News

Time 08 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

نور بخاری نے عون چوہدری سے دوسری بار شادی کے سوال پر کیا جواب دیا؟

نور بخاری نے عون چوہدری سے دوسری بار شادی کے سوال پر کیا جواب دیا؟
میری پہلی شادی کب ہوئی یہ مجھے یاد نہیں لیکن میں نے جب بھی شادی کی لو میرج کی اور میں اپنی موجودہ شادی سے بے حد خوش ہوں: پوڈ کاسٹ میں گفتگو/ فائل فوٹو

سابقہ اداکارہ نوربخاری نے کہا ہےکہ عون چوہدری سے دوسری بار شادی کا فیصلہ محبت اور بیٹی فاطمہ کی خاطر کیا۔

حال ہی میں دیے گئے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں اداکارہ نوربخاری نے اپنی چار  شادیوں اور تین بچوں سے متعلق  گفتگو کی۔

دوران انٹرویو میزبان نے نوربخاری سے  سوال کیا کہ آپ کی  شادی کب ہوئی تھی؟ اس پر نوربخاری نے مسکرا کر  سوال کیا کہ کون سی والی شادی؟

میزبان کے پہلی شادی کی وضاحت پر نوربخاری کا کہنا تھا کہ میری پہلی شادی کب ہوئی یہ مجھے یاد نہیں لیکن میں نے جب بھی شادی کی لو میرج کی اور میں اپنی موجودہ شادی سے بے حد خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے 3 بچے ہیں، بڑی بیٹی فاطمہ ہے جس کی عمر 11 سال ہے، دوسری بیٹی شہربانو 4 سال کی  اور بیٹا محمد علی رضا ہے جو ایک سال کا ہے، میرے تینوں بچے عون چوہدری سے ہی ہیں۔

 ایک سے زائد شادی پر ہونے والی تنقید پر نوربخاری کا کہنا تھا کہ  ہماری سوسائٹی  میں غیر ازدواجی تعلقات، افیئرز قابل قبول  ہیں لیکن ایک سے زیادہ  بار شادیاں قابل قبول نہیں، لوگوں نے میری 5 شادیاں بنائی ہوئی ہیں لیکن میری4 شادیاں ہیں اگر لوگ ان شادیوں کو 10بھی بنادیں تو مجھے فرق نہیں پڑتا۔

عون چوہدری سے دوبارہ شادی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ دوسری بار شادی کا فیصلہ  ہم نے بچوں کے علاوہ ایک دوسرے سے  محبت کی وجہ سے بھی کیا، پہلی بار طلاق کے وقت عون چوہدری  اور میرے درمیان اختلافات ضرور ہوگئے تھے لیکن  ہم دونوں نے کبھی نفرت نہیں کی، بچوں کی خاطر ایک دوسرے کیلئے نرم گوشہ رکھا۔

مردوں میں ایک سے زائد شادی کے سوال پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے نور بخاری کا کہنا تھا کہ یہ مرد کی اپنی چوائس ہے، میں مرد نہیں ہوں اس لیے میں یہ اس خواہش کو محسوس نہیں کرسکتی۔

انہوں نے مزید کہاکہ بیوی کے طور پر کوئی بھی عورت اپنے شوہر کو دوسری شادی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی لیکن اللہ نے اجازت دی ہےتویہ سوچ کر میں بھی خاموش ہوجاتی ہوں،اگر میرے شوہر استطاعت رکھتے ہیں اور برداشت کرسکتے ہیں تو ضرور دوسری شادی کریں۔