08 اگست ، 2024
بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار پے در پے ناکام فلموں کے بعد اپنی اگلی فلم کی ریلیز سے قبل ممبئی میں حاجی علی کی درگاہ پہنچ گئے۔
اکشے کمار جو 3 دہائیوں سے بالی وڈ میں اپنے ایکشن، کامیڈی اور جاندار اداکاری کی وجہ سے لوگوں کے دلوں پر راج کررہے ہیں، ان کی فلمیں اب کچھ عرصے سے پے در پے ناکام ہو رہی ہیں۔
اکشے کی آخری فلم 'سرفیرا' بری طرح فلاپ ہوئی اور وہ باکس آفس پر صرف 25 لاکھ روپے کمانے میں کامیاب رہی۔
تاہم اب اپنی نئی آنے والی فلم 'کھیل کھیل میں' کی کامیابی کیلئے اکشے کمار فلم کی ریلیز سے قبل جمعرات کو ممبئی میں حاجی علی کی درگاہ پہنچے اور چادر بھی چڑھائی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اکشے کمار نے حاجی علی درگاہ کی تزئین و آرائش کے لیے 1.21 کروڑ بھارتی روپے ( جوکہ 4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد رقم ہے) عطیہ کیے۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں اکشے کمار نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک چھوٹے سے لنگر کا بھی اہتمام کیا تھا۔جس میں اداکار نے خود ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کیا تھا۔
واضح رہے کہ اکشے کمار کی آنے والی فلم 'کھیل کھیل میں' 15 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں تاپسی پنوں، وانی کپوراور فردین خان بھی شامل ہیں۔