Time 09 اگست ، 2024
پاکستان

گورنر سندھ کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان

گورنر سندھ کا گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان
فوٹو: فائل

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں فاتح، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو شاباش دیتے ہوئے 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے92.97 میٹر تھرو کر کے نیا ریکارڈ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا ہے۔

اس سے قبل جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑو روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔

پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔

خیال رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔

ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

مزید خبریں :