Time 09 اگست ، 2024
پاکستان

گوادر: مطالبات منظور ہونے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کا دھرنا ختم کرنےکا اعلان

گوادر: بلوچ یکجہتی کمیٹی اور حکومت کے درمیان معاملات طے پانےکے بعد بلوچ یکجہتی کمیٹی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کا کہنا ہےکہ حکومتی وفد نے تمام مطالبات منظور کرلیے ہیں، کسی ایک مطالبے پر بھی عمل نہ ہوا تو جدوجہد جاری رکھیں گے، تربت کے جلسے میں آئندہ کا لائحہ عمل طےکیا جائےگا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ بلوچستان بھر سےگرفتار کارکنوں کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے، بلوچ  یکجہتی تحریک کے کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر ختم کرنےکا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

 وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا ہےکہ دشمن کی خواہش ہےکہ گوادر  ترقی نہ کرے  اور  لوگ پسماندہ  رہیں، بھارت منفی پروپیگنڈے سے ہمارے ہی لوگوں کو ہمارے خلاف اُکسا رہا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مطالبات کے حق میں گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دھرنے دے رکھے تھے۔

دھرنوں کے باعث مختلف شہروں میں داخلی اور خارجی راستے اور مکران کوسٹل ہائی وے ایم 8 سمیت تمام شاہراہیں بند تھیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

مزید خبریں :