09 اگست ، 2024
پاکستان کو 40 سال بعد اولمپکس گولڈ میڈل دلانے والے جیولین تھروور ارشد ندیم پر انعامات کی بارش ہوگئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا جبکہ سندھ حکومت ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے دے گی۔
میئر کراچی کی جانب سے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جبکہ سکھر کے میئر نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر سندھ اور گورنر پنجاب کی جانب سے 20، 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
معروف گلوکار علی ظفر نے اس شاندار کامیابی پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ اور پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی جعفرحسین نے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز نے بھی اعلان کررکھا ہے وہ 2024 پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والوں کو پچاس ہزار ڈالر انعام دے گی۔
اس کے علاوہ کراچی پریس کلب نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو کراچی پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزيراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا۔