10 اگست ، 2024
بھارتی ریاست اترپردیش میں بندروں کے خوف سے خاتون گھر کی چھت سے گر کر ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے تفصیلات بتائی گئی کہ یہ افسوسناک واقعہ ضلع کوشامبی میں پیش آیا جہاں کرن دیوی نامی خاتون چھت سے رسی پر ٹنگے کپڑے اتارنے گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون رسی سے کپڑے اتار رہی تھی کہ اسی دوران بندروں کا ایک جھنڈ چھت پر آگیا جسے دیکھ کر خاتون خوف میں مبتلا ہوگئی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون نے بندروں سے بچ کر بھاگنے کی کوشش کی اور اسی دوران ان کا پاؤں پھسلا اور وہ چھت سے نیچے جاگری۔
پولیس کے مطابق خاتون کے گھر والوں کی جانب سے انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھی بھیج دیا ہے۔