Time 10 اگست ، 2024
پاکستان

وزیر اعلیٰ کے پی کا ایک لاکھ گھرانوں کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان

وزیر اعلیٰ کے پی کا ایک لاکھ گھرانوں کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان
غریب گھرانوں کو 2 کلو واٹ تک مفت سولر سسٹم دیے جائیں گے جس میں پینلز، انورٹر، وائرنگ، پنکھے اور بلب شامل ہیں: وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور/ فائل فوٹو 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں ایک لاکھ غریب گھرانوں کو مفت سولر سسٹم دینےکا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ غریب گھرانوں کو 2 کلو واٹ تک مفت سولر سسٹم دیے جائیں گے جس میں پینلز، انورٹر، وائرنگ، پنکھے اور بلب شامل ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک لاکھ سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی چوری اور لائن لاسسز میں کمی ہوگی، احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ غریب گھرانوں کو سولر سسٹم دیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں صرف پینلز دیے جا رہے ہیں لیکن ہم پورا سولر سسٹم نصب کر رہے ہیں، منصوبے کیلئے 20 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے ہیں۔

یہ منصوبہ دو مراحل پر مشتمل ہے جس کے پہلے مرحلے میں فوری طورپر 50 ہزار گھرانوں کو مفت سولرسسٹم نصب کیے جائیں گے جبکہ پہلے مرحلے کے 30 ہزار گھرانوں کو مکمل سبسڈی اور 20 ہزارکو 50 فیصد سبسڈی کے تحت سولر دیے جائیں گے۔

منصوبے کے دوسرے مرحلے میں50ہزارگھرانوں کو بینک (بینک آف خیبر) لون سے آسان اقساط پرسولر دیے جائیں گے، بینظیر اور احساس پروگرام کےتحت رجسٹرڈ غریب گھرانوں کو سولر دیے جائیں گے۔

اس منصوبے کو تین پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پیکج ون کے تحت 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 455 واٹ کا سولر پینل مہیا کیا جائے گا جس میں چارج کنٹرول، بیٹری، 1 پنکھا، 3 بلب موبائل چارجر، تاریں، بریکرز شامل ہیں۔ پیکج 2 کے تحت 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 680 واٹ کا سولر پینل مہیا کیا جائے گا جس میں چارج کنٹرول، بیٹری، تین پنکھے، 6 بلب، موبائل چارج، تاریں ، بریکرز، پینل ڈھانچہ شامل ہے۔

پیکج 3 کے تحت 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 1000 واٹ کا سولر پینل مہیا کیا جائے گا جس میں چارج کنٹرول، بیٹری، 4 پنکھے، 7 بلب، موبائل چارج، تاریں، بریکرز، پینل ڈھانچہ شامل ہیں۔ 

سولر پروگرام سے مجموعی طورپر 80 میگاواٹ سستی بجلی پیداکی جائے گی جبکہ اس سے ماہانہ 86 لاکھ سے زائد بجلی یونٹ پیداکیے جائیں گے۔

مزید خبریں :