کھیل

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سسر کا تحفے میں بھینس دینے کا اعلان

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو سسر کا تحفے میں بھینس دینے کا اعلان
ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے کی بہت خوشی ہے، داماد کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں گے: سسر محمد نواز__فوٹو: اسکرین گریب

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو جہاں پاکستان بھر سے کروڑوں روپے کے انعامات دیے سے نوازا جا رہا ہے وہیں ان کے سسز کی جانب سے بھی داما کے لیے تحفے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کے سسر محمد نواز نے اپنے داماد کے گولڈ میڈل جیتنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

محمد نواز کا کہنا تھا انہیں ارشد کے گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوشی ہوئی ہے اور وہ اپنے داماد کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں گے، انہیں پھول پہنائیں گے۔

داماد کو تحفہ دینے سے متعلق سوال پر محمد نواز نے کہا کہ وہ اپنے داماد کو ایک بھینس تحفے میں دیں گے، دودھ دینے والی بھینس داماد کو دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کے سات بچے ہیں، چار بیٹے تین بیٹیاں ہیں جن میں سب سے چھوٹی بیٹی کی شادی ارشد ندیم سے چھ سال قبل ہوئی تھی، ان کی بیٹی سے ارشد ندیم کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

محمد نواز نے بتایا کہ ارشد ندیم کے دو بچے مقامی اسکول میں جاتے ہیں، بچی پہلی جماعت میں ہے جبکہ بچے نے اب اسکول جانا شروع کیا ہے، تیسرا بیٹا چھوٹا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ جب شادی ہوئی تھی تو اس وقت ارشد ندیم کیا کرتا تھا تو انہوں نے کہا کہ کہ وہ چھوٹے موٹے کام کرتا تھا، گھر پر ہی پریکٹس کرتا تھا اسے نیزے بازی کا بہت شوق تھا۔

محمد نواز کے مطابق ان کی بیٹی جو ارشد ندیم کی اہلیہ ہیں ماشاءاللہ حافظ قران ہیں، ان کو داماد سے کبھی کوئی شکایت نہیں رہی، وہ جب بھی آتا تھا جو کچھ کھانے کے لیے دے دیتے تھے وہ کھا لیتا تھا۔

مزید خبریں :