Time 11 اگست ، 2024
پاکستان

تمام اقلیتوں کی ملک کیلئے بے مثال خدمات ہیں، وزیر اعظم

لاہور : وزیراعظم شہباز  نے اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تمام اقلیتوں کی ملک کیلئے بے مثال خدمات ہیں

وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا پاکستان میں سب کو آئین اور قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یوم آزادی کی آمد آمد ہے اور اس کےساتھ ہم اقلیتوں کا دن بھی منا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ کا زمانہ ہو یا امن کا، اقلیتوں نے ہمیشہ ملک و قوم کا ساتھ دیا، ملک کی تمام اقلیتوں کی ملک کے لیے بے مثال خدمات ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کون نہیں جانتا سیسل چوہدری کی کیا خدمات تھیں، جسٹس بھگوان داس اور جسٹس کارنیلیئس کی خدمات کو کون نہیں جانتا، لوگ آج بھی گنگا رام اسپتال سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں اپنی اقلیتوں کو گلے سے لگانا چاہیے، یقین دلاتا ہوں کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باعث ہماری آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، مظلوم فلسطینیوں پر آگ برس رہی ہے اور دنیا خاموش ہے، عالمی برادری اسرائیلی مظالم کے خلاف صرف الفاظ سے کام لے رہی ہے، تاریخ میں اس سے زیادہ بربریت کی مثال نہیں ملتی۔

مزید خبریں :