Time 12 اگست ، 2024
کھیل

پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کا ذکر گونجتا رہا

پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں پاکستانی ہیرو ارشد ندیم کا  ذکر گونجتا رہا
گزشتہ روز اولمپک اسٹیڈیم میں پیرس اولمپکس کا اختتام رنگارنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا، تقریب میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اہلیہ سمیت شریک ہوئے /فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا

پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں بھی  پاکستانی ہیرو اور  گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا خصوصی ذکر کیا گیا۔

ارشد ندیم نے جیولین تھرور کے مقابلے میں 92.97کی ریکارڈ تھرو کی تھی اور  پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اکیلے شخص نے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔

گزشتہ روز اولمپک اسٹیڈیم میں  پیرس اولمپکس کا اختتام  رنگارنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا جس میں  فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون  اہلیہ سمیت شریک ہوئے۔

اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے،  مارچ پاسٹ کیا اور اختتامی تقریب میں دستوں کا مارچ پاسٹ کیا گیا جب کہ پاکستان کی نمائندگی ایتھلیٹ فائقہ ریاض نے کی۔

 تقریب میں کمنٹیٹرز  نے  پاکستانی ہیرو اور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا خصوصی ذکر کیا ۔

اس کے بعد اختتامی تقریب میں سیکڑوں فنکاروں نے دلکش پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جس دوران  شائقین کے ساتھ ساتھ ایتھلیٹس بھی خوب محظوظ ہوئے۔

تقریب میں  ہالی وڈ اداکار ٹام کروز  نے  اسٹیڈیم کی چھت سے منفرد انٹری دی اور اولمپکس فیلگ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

آخر میں تھامس بیخ کے پیرس اولمپکس کے باقاعدہ اختتام کے اعلان کے ساتھ اولمپک مشعل  کو بجھا دیا گیا اور دلکش آتش بازی کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

مزید خبریں :