Time 13 اگست ، 2024
کھیل

اولمپکس میں جانے سے قبل کیا حکمت عملی بنائی؟ ارشد ندیم کے کوچ نے بتا دیا

اولمپکس میں جانے سے قبل کیا حکمت عملی بنائی؟ ارشد ندیم کے کوچ نے بتا دیا
اولمپکس سے قبل ہم نے ایک چھٹی نہیں کی اور اس دوران سب سے بڑا چیلنج ارشد ندیم کی انجریز تھیں: سلمان اقبال بٹ/ فوٹو جیونیوز

لاہور: اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کہنا ہے کہ ہماری حکمت عملی ایک ہی تھی کہ ہم نے سخت محنت کرنی ہے۔ 

نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی ایتھلیٹ سلمان اقبال بٹ نے کہا کہ جیولین تھرو ایک ٹیکنیکل کھیل ہے، اولمپکس سے قبل ہم نے ایک چھٹی نہیں کی اور  اس دوران سب سے بڑا چیلنج ارشد ندیم کی انجریز تھیں جب کہ دوسرا موسم بڑا سخت تھا،  سخت گرم موسم اور انجریز کا خیال رکھنا پڑتا تھا اور ہم نے یہی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹ جتنا مرضی تجربہ کار ہو، مقابلے سے ایک روز پہلے بھوک کم اور پیاس زیادہ لگتی ہے، ایتھلیٹ چونکہ نروس ہو جاتا ہے تو اگر کوچ بھی نروس ہو تو پھر معاملہ کنٹرول میں نہیں رہتا اس لیے کوشش کی ارشد ندیم پریشر محسوس نہ کرے۔

سلمان اقبال بٹ کا کہنا تھا کہ پہلی تھروجب ٹھیک نہ رہی تو میں نے اپنی پریشانی ظاہر نہ کی، ارشد ندیم کو اشارے سے حوصلہ دیا جب کہ دوسری تھرو کہاں گری مجھے نظر نہیں آئی کیونکہ میرے سامنے کیمرہ تھا، میں سمجھا 80 میٹر تک گئی مگر جب ارشد نے اوپر ہاتھ اٹھائے تو دیکھا یہ 90 سےاوپر ہے اور 92.97 ہے  تو میں نے کہا یہ کمال ہوگیا، اب دوسروں کے لیے مشکل ہوگئی ہے۔ 

سابق ایتھلیٹ نے مزید کہا کہ نیرج چوپڑا نے بھی بیسٹ تھرو کی لیکن ارشد ندیم بہت آگے چلا گیا تھا،ارشد کو بہت پذیرائی مل رہی ہے وہ اس کا حقدار ہے اور میں اس پر بہت خوش ہوں، جیسے انسان اپنی اولاد اور شاگرد کی کامیابی سے بہت خوش ہوتا ہے،  ارشد کا تمام متعلقہ لوگوں اور اداروں نے بہت خیال رکھا، دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھایا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں سسٹم کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ 

مزید خبریں :