13 اگست ، 2024
جیولین تھرور ارشد ندیم نے گزشتہ دنوں پیرس اولمپکس میں92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوایا جس کے بعد ان پر انعامات کی برسات ہوگئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز منگل کو اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی پذیرائی کے لیے ان کے گھر پہنچیں اور پاکستانی ایتھلیٹ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ کو گلے لگایا ، بچوں کو پیار کیا اور حکومت پنجاب کی طرف سے 10کروڑ روپے کا چیک بھی دیا۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے ارشد ندیم کو خصوصی نمبر پلیٹ والی گاڑی کا بھی تحفہ دیا ، گاڑی کی نمبر پلیٹ اولمپکس میں ان کی ریکارڈ تھرو 92.97کی نسبت سے رجسٹر کی گئی ۔
یہ منفرد نمبر پلیٹ الاٹ کرنے کا مشورہ کس کا تھا؟
دراصل ارشد ندیم کو انعام میں ملنے والی گاڑی کی نمبر پلیٹ ان کی تھرور 92.97 کی مناسبت سے رجسٹر ہونے کا مشورہ سب سے پہلے سابق پاکستانی کرکٹر اور جیو نیوز کے تجزیہ کار سکندر بخت نے دیا تھا۔
کچھ روز قبل جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا تھا کہ اگر ارشد ندیم کو کوئی گاڑی انعام میں دی جائے تو اس کی نمبر پلیٹ ان کی تھرو یعنی 92.97 والی ہونے چاہیے۔
اس کے علاوہ سکندر بخت نے یہ بھی کہا تھا کہ ارشد ندیم کو انعام میں ملنے والی رقم ٹیکس فری ہو۔
جوکہ بعد میں ایف بی آر نے بھی یہ اعلان کردیا تھا کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم سے کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ وہ پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔