Time 14 اگست ، 2024
پاکستان

گورنر سندھ کا جشن آزادی کی تقریب میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور سولر پینل بانٹنے کا اعلان

گورنر  سندھ کا جشن آزادی کی تقریب میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور سولر پینل بانٹنے کا اعلان
فوٹو: فائل

کراچی میں گورنرہاؤس میں جشن آزادی کی شاندار تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہریوں اور طلبہ میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور سولر پینل تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہریوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں طلبہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کورس کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور موبائل فونز دیے، سولر پینل بانٹیں گے، قرضہ حسنہ دیں گے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو بھی کراچی لایا جائے گا۔

گورنر ہاؤس میں جشن آزادی کی خوشی میں ایک ہزار پاؤنڈ وزنی کیک بھی کاٹاگیا۔

تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ شہریوں کیلئے کھانے پینے کا بھی انتظام کیا گیا جہاں جشن آزادی منانے آئے شرکا لذیذ کھانوں سے بھی محظوظ ہوئے۔

مزید خبریں :