14 اگست ، 2024
بھارت: کلکتہ کے اسپتال سے وابستہ ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی۔
ڈاکٹرز کا بتانا ہےکہ پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول ڈاکٹر کے اہلخانہ نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے انہیں 3 گھنٹے تک اسپتال کے باہر روکا اور کہا گیا کہ ٹرینی ڈاکٹر نے خود کشی کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور لڑکی کے قتل کے شبہ میں ایک پولیس رضاکار کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب خاتون ٹرینی ڈاکٹر سے زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف پورے بھارت میں احتجاج شروع ہوگیا ہے، واقعے کے خلاف کلکتہ میں ہزاروں ڈاکٹرز نے احتجاج کیا، ریاست مہاراشٹرا کے 8 ہزار سے زائد سرکاری ڈاکٹروں نے میڈیکل سروسز کا بائیکاٹ کیا، اسپتالوں میں صرف ایمرجنسی کا شعبہ فعال ہے۔
بھارت دارالحکومت نئی دہلی میں بھی ڈاکٹرز نے احتجاج کیا اور ایک سرکاری اسپتال کے باہر دھرنا دیا۔
اس کے علاوہ لکھنو، اتر پردیش اور گوا میں بھی ڈاکٹروں نے احتجاج کیا اور مقتول خاتون ڈاکٹر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔