Time 14 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

قرض کی عدم ادائیگی پر بالی وڈ اداکار راج پال یادیو کی جائیداد ضبط

قرض کی عدم ادائیگی پر بالی وڈ اداکار راج پال یادیو کی جائیداد ضبط
فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی وڈ اداکار راج پال یادیو کی جائیداد قرض کی عدم ادائیگی پر ضبط کرلی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شاہ جہاں پور میں اداکار راج پال یادیو کی کروڑوں روپے کی جائیداد کو سینٹرل بینک آف انڈیا نے قرض ادا نہ کرنے پر ضبط کر لیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار نے 3 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا اور اپنے والد کی شاہ جہاں پور میں ملکیتی جائیدادیں بطور ضمانت رکھی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج پال یادیو نے سینٹرل بینک آف انڈیا کی ممبئی برانچ سے قرض لیا تھا اور عدم ادائیگی کی وجہ سے قرض کی رقم بڑھ کر 11 کروڑ روپے ہوگئی۔

تاہم 8 اگست کو ممبئی بینک کی برانچ کی ایک ٹیم شاہ جہاں پور پہنچی اور جائیداد کو سیل کر دیا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب 53 سالہ اداکار کو قرضوں کی عدم ادائیگی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔

اس سے قبل راج پال یادیو کو اپنی فلم 'اتا پتا لاپتا' کے لیے لیا گیا قرض ادا نہ کرنے پر جیل بھیج بھی دیا گیا تھا جبکہ ایک بار شوٹنگ کے دوران طالبعلم کو اسکوٹر سے ٹکر مارنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ راج پال یادیو ایک مشہور بھارتی اداکار ہیں جنہوں نے تقریباً 150 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائیں ہیں۔ ان فلموں میں، بھول بھلیا، ڈھول، پھر ہیرا پھیری، دے دنا دن، چھپ چھپ کے وغیرہ شامل ہیں۔

راج پال کو اپنی کامیڈی اور ورسٹائل اداکاری کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔

مزید خبریں :