14 اگست ، 2024
متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ کراچی میں جشن آزادی کی تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل امارات کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے مابین 6 دہائیوں سے برادرانہ تعلقات ہیں، یو اے ای کی ترقی میں پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے، دونوں ممالک کی دوستی تاحیات برقرار رہے گی۔
تقریب میں پاکستان کے جشن آزادی کی مناسبت سے اماراتی وزیر برائے بین المذاہب نہیان بن مبارک کا خصوصی پیغام نشر کیا گیا۔
تقریب میں صحت، تعلیم، کھیل، صحافت، موسمیاتی تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنے والوں، ہوابازی اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو تعریفی اسناد دی گئیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ اور انتہائی مضبوط تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔
قبل ازیں گرین پاکستان مہم میں آصفہ بھٹو اور فریال تالپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کیلئے ملک بھر میں درخت لگانے چاہئیں، ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنے اور اپنے حصے کا پودہ ضرور لگائے۔