14 اگست ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں سہولت کاری کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے بعد جیل کے ایک اور افسر کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے پوچھ گچھ مکمل کر لی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کا موبائل فون ریکارڈ حاصل کر لیا۔
ذرائع نے بتایاکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اوراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال بانی پی ٹی آئی کے سیل تک رسائی رکھتے تھے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوکمرہ عدالت میں دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے سرگوشیاں کرتے بھی دیکھا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران پر بانی پی ٹی آئی کو موبائل رسائی دینے کا الزام بھی ہے۔
خیال رہے کہ سکیورٹی اداروں نے اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لیا ہے، محمد اکرم پربانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے اور انہیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیا۔