15 اگست ، 2024
ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل گروک 2 اور گروک 2 منی متعارف کرایا ہے، جو ایکس (ٹوئٹر) صارفین کو دستیاب ہے۔
یہ نیا گروک ماڈل ایکس پر تصاویر بنانے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
خیال رہے کہ ایکس پر گروک تک رسائی صرف پریمیئم اور پریمیئم پلس صارفین کے لیے ممکن ہے۔
گروک 2 اور گروک 2 منی ابھی بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایکس اے آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گروک 2 سابقہ ماڈل سے کافی زیادہ بہتر ہے جو چیٹ، کوڈنگ اور منطق جیسی صلاحیتیں رکھتا ہے۔
صارفین کی جانب سے تیار کی گئی اولین تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ نئے آئی ماڈل کے ٹیکسٹ ٹو امیج فیچر پر کسی قسم کی رکاوٹ نہیں اور اس سے سیاسی شخصیات کی ہر قسم کی تصاویر تیار کی جاسکتی ہیں۔
اس سے خدشہ ہے کہ یہ نیا اے آئی ماڈل ایکس اور دیگر پلیٹ فارمز میں زیادہ گمراہ کن مواد پھیلانے کا باعث بن سکتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گروک میں بلیک فارسٹ لیبز کے پروگرام FLUX.1 کو تصاویر بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
فی الحال کمپنی کی جانب سے گروک 2 کے فیچرز کے بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔