Time 15 اگست ، 2024
صحت و سائنس

پاکستان میں رواں سال منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آگیا

پاکستان میں رواں سال منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آگیا
عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز منکی پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا تھا— فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان میں رواں سال منکی پاکس (ایم پاکس) کا پہلا کیس سامنے آگیا۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق منکی پاکس کا کیس خیبرپختونخوا میں سامنے آیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز منکی پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا تھا۔

حکام کے مطابق 3 اگست کو سعودی عرب سے لوٹنے والے شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ شخص کا تعلق دیر سے ہے جو مردان میں رہائش پذیر ہے۔

حکام کے مطابق یہ پاکستان میں اس سال منکی پاکس کا پہلا کیس ہے، گزشتہ دو سالوں میں پاکستان میں منکی پاکس کے 11 کیس سامنے آئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ منکی پاکس سے متاثرہ شخص کی کانٹیکٹ ٹریسنگ کر رہے ہیں اور  مزید لوگوں کے نمونے حاصل کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزارت صحت میں ڈی جی ہیلتھ کی زیر صدارت  اہم اجلاس ہوا جس کے بعد منکی پاکس کے حوالے سے اہم ایڈوائزری اور گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق تمام صوبوں کو منکی پاکس کے حوالے سے فوکل پرسنز  مقرر کرنے اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام پوائنٹس آف اینٹری پر سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :