Time 15 اگست ، 2024
پاکستان

جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے مارشل لاء لگانےکی دھمکی دی تھی، خواجہ آصف

وزیردفاع  خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہےکہ  سابق آرمی چیف جنرل (ر)  قمر جاوید باجوہ نے مارشل لاء لگانےکی دھمکی دی تھی۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے یہ بات  جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو  کرتے ہوئے کہی۔

خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ  سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے  مارشل لاء کی بات اکیلے ان کے سامنے ہی نہیں بلکہ مجمع کے بیچ میں بھی کی تھی۔

پروگرام میزبان حامد میر  نے پوچھا کہ کیا مارشل لاء کی دھمکی پر  جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟ تو خواجہ آصف نےکہا  کہ وہ کون ہوتے ہیں باجوہ کا احتساب کرنے والے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ  میرا حافظہ ٹھیک ہے، ہوسکتا ہےکچھ وقت پہلےکی بات یاد نہ ہو، ماضی کی باتیں یاد ہیں، ملک احمدکسی اور صورتحال اور میں کسی اور صورتحال کی بات کر رہا ہوں، میرے اور ملک احمد کے بیانیہ میں کوئی فرق نہیں ہے،  جنرل (ر) باجوہ  نگران  دور میں6 ماہ  سے ایک سال کی ایکسٹینشن کا کہہ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ  جنرل (ر) باجوہ  بانی پی ٹی آئی کو لے کر آئے 4 سال تک شو چلایا،  جنرل (ر) باجوہ اور  فیض حمید کا بہت قریبی تعلق ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ  بانی پی ٹی آئی نے نواز شریف اور خاندان کے خلاف کارروائی کی، بانی پی ٹی آئی کو  اس وقت جوڈیشل کمیشن کا خیال کیوں نہیں آیا؟ بانی پی ٹی آئی کو اب بار بار کیوں جوڈیشل کمیشن کا خیال آرہا ہے؟ فیض  حمیدکے معاملے پر حکومت چاہے تو جوڈیشل کمیشن بناسکتی ہے۔


مزید خبریں :