Time 15 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

شاہ رخ خان نے اپنی کونسی فلم کی ناکامی کے بعد اداکاری سے بریک کا سوچا تھا؟

شاہ رخ خان نے اپنی کونسی فلم کی ناکامی کے بعد اداکاری سے بریک کا سوچا تھا؟
فوٹو: فائل

بالی وڈ کنگ شاہ خان  3 دہائیوں سے فلم انڈسٹری پر راج کررہے ہیں، انہوں نے اپنے اس شاندار کیریئر میں کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔

 شاہ رخ کی آخری دو فلموں( پٹھان اور جوان) نے بھی ریکارڈ ساز بزنس کیا لیکن ان کے کیریئر میں ایک ایسا موقع بھی آیا تھا جب انہوں نے اپنی فلم کی ناکامی کے بعد اداکاری سے بریک لے لیا تھا۔

  بالی وڈ کے بادشاہ نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں 2018 کی فلم زیرو(Zero) کی ناکامی اور اس کے اپنے کیریئر پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔

سپر اسٹار نے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ فلم زیروکی ناکامی نے ان پر گہرا اثر ڈالا جس کی وجہ سے انہوں نے فلموں سے بریک لینے کا سوچا تھا اور یہی وجہ ہے کہ 2018 کے بعد وہ 5 سال کے وقفے کے بعد 2023 میں فلم پٹھان میں نظر آئے۔ 

شاہ رخ خان نے بتایا کہ فلم زیرو کی ناکامی کے بعد مجھے اپنے فلم کے انتخاب اور  کیریئر کی سمت کے بارے میں سوچنے پر مجبور کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں زیرو کے فلاپ ہونے کے بعد مجھے جنوری میں ایک فلم کرنی تھی، ایک صبح میں اٹھا اور میں نے کہا کہ میں جا کر اس فلم کی شوٹنگ نہیں کرنا چاہتا،  میں نے پروڈیوسر کو فون کیا اور میں نے ان سے کہا کہ میں ایک سال تک کام نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ5 سال کے بریک کے بعد جب شاہ رخ خان کی فلم پٹھان ریلیز ہوئی تو اس نے ریکارڈ ساز بزنس کیا بلکہ ان کی اگلی فلم جوان بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔

مزید خبریں :