15 اگست ، 2024
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس (ایم پاکس) کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق افریقا کے 13 ممالک میں منکی پاکس کا نیا ویرینٹ پھیل رہا ہے۔ اس وقت افریقی ملک کانگو میں منکی پاکس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔
دوسری جانب افریقا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینٹیشن (افریقا سی ڈی سی)کا کہنا ہےکہ افریقا میں منکی پاکس ویکسین کی ایک کروڑ خوراکوں کی ضرورت ہے تاہم اس وقت صرف 2 لاک خوراکیں موجود ہیں، ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کے لیےکام کر رہے ہیں۔
افریقا سی ڈی سی کا کہنا ہےکہ رواں سال افریقا میں منکی پاکس کے 15 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں اور اس سے 461 اموات ہوچکی ہیں، یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 160 فیصد زیادہ ہے اور اب تک 18 ممالک میں اس بیماری سے متاثرہ افراد سامنے آچکے ہیں۔
ادھرپاکستان میں اب تک منکی پاکس کے 9 کیس سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
پاکستان کے تمام داخلی راستوں پر ایم پوکس اور زیکا وائرس سیمت دیگر بیماریوں کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے دنیا بھر میں منکی پاکس کے بڑھتے کیسز اور بھارت میں زیکا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این سی او سی حکام نے ہدایت جاری کی ہےکہ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جائے اور منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں کو خصوصی وارڈز میں قرنطینہ کیا جائے۔