Time 16 اگست ، 2024
پاکستان

پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال، کچے مکانات اور فصلوں کو نقصان

پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال، کچے مکانات اور فصلوں کو نقصان
فوٹو: فائل

سندھ اور پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث کئی علاقے زیرآب آگئے، کچے مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کاغان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں کے باعث شہر سے کئی دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔

نارروال، شکر گڑھ اور جہلم سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال سے سکمال کاز وے زیرآب آگئی، آبی کٹاؤ سے سرحدی دیہاتوں سکمال، چک نعرا، بھوپال پور اور دیگر علاقوں کا شہر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔

دادو میں مورو پل کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے، سیلابی پانی لاڑکانہ سیہون کے حفاظتی پشتوں سے ٹکرا گیا جس سے متعدد دیہات سیلابی پانی کے گھیرے میں آگئے اور رابطہ سڑکیں، کھڑی فصلیں زیرآب آ گئیں۔

خیرپور ناتھن شاہ میں سیم نالے میں شگاف پڑنے سے فصلیں زیر آب آگئیں، بوائز پرائمری اسکول حافظ خوشی محمد میں بارش کا پانی نہ نکالا جا سکا، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلد بارش کا پانی نکال دیا جائے گا۔

دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال سے ضلع شہید بے نظیرآباد میں 15 سے زائد گاؤں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا جس کے بعد مکینوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

استور میں موسلادھار بارش کے باعث درجنوں مقامات سے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں، سیلابی ریلوں سے کچے مکانات، فصلوں اور واٹر چینل کو نقصان پہنچا ہے جبکہ استور سے بالائی علاقوں کو جانے والی سڑکیں بھی بلاک ہوگئی ہیں۔

دیامر میں تھلچی اور رائیکوٹ کے درمیان سیلابی ریلا آنے سے شاہراہ قراقرم بند ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

ادھر خیبرپختوخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں بارشیں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے کاغان میں پھاگل کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ کاغان بھی بند ہوگئی ہے۔

بلوچستان کےضلع کوہلو ،ہرنائی ،سبی،بولان ،جھل مگسی اور نصیر آباد میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

کوہلو سبی شاہراہ مختلف مقامات پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی ، متعدد مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ۔

کوہلو میں بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے 2 بچے زخمی ہوگئے ۔

مزید خبریں :