Time 16 اگست ، 2024
کھیل

گولڈ میڈل جیتنے پر بھینس دی،5 ایکڑ زمین دے دیتے ، ارشد ندیم کی سسر سے خواہش

گولڈ میڈل جیتنے پر بھینس دی،5 ایکڑ  زمین دے دیتے ، ارشد ندیم کی سسر سے خواہش
اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ان دنوں پاکستان بھر سے کروڑوں روپے کے انعامات سے نوازا جا رہاہے/ فائل فوٹو

پیرس اولمپکس میں پاکستان کو تاریخی فتح دلوانے والے ارشد ندیم نے اپنے سسر کی جانب سے دیے جانےو الے تحفے کے بارے میں بتایا ہے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ  ارشد ندیم کو ان دنوں پاکستان بھر سے انعامات  سے نوازا جا رہا ہے  اور کچھ روز قبل ان کے سسر نے بھی داماد کے لیے تحفے میں بھینس دینے کا اعلان کیا تھا۔

 مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران ارشد کے سسر نے کہا تھا کہ جیت کی خوشی میں وہ اپنے داماد کو دودھ دینے والی بھینس تحفے میں دیں گے۔

اس تحفے سے متعلق جب نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ارشد ندیم کی اہلیہ سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا  کہ والد کے بھینس تحفے میں دینے سے متعلق مجھے بھی ان کا انٹرویو سن کر پتا چلا۔

اس دوران ارشد نے مزاحیہ انداز میں  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جب مجھے سسر کے بھینس دینے کے اعلان کا پتا چلا تو میں نے اہلیہ سے کہا کہ انہوں نے بھینس تحفے میں دی وہ تو اتنے امیر ہیں، 5 سے 6 ایکڑ زمین دے دیتے  لیکن مجھے پتا ہے میری اہلیہ نے یہ بات اپنے ابو سے ابھی تک نہیں کہی ہوگی‘ ۔

دوسری جانب سینئر صحافی حامد میر کو دیے گئے انٹرویو میں ارشد ندیم  نے بتایا کہ پیرس اولمپکس کیلئے جانے سے  قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس دوران انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی ۔

ارشد نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی سپورٹ سے مجھے پیرس اولمپکس سے قبل نئی جیولین منگواکردی گئی تھی، اس نئی جیولین کے ساتھ میں نے تقریباً ڈیڑھ ماہ ٹریننگ کی۔

جیولین کی قیمت کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ پاکستان پہنچنے کے بعد ایک جیولین کی قیمت 7 سے 8 لاکھ روپے ہوجاتی ہے، جانے سے قبل مجھے 3 جیولین منگواکر دی گئی تھیں اگر مجھے اب 15 سے 20 جیولین اور مل جائیں تو میری اپنی ٹریننگ مزید بہتر ہوسکتی ہے، ساتھ ہی ہم ان نیزوں سے نوجوانوں کو بھی ٹرین کرسکیں گے۔

مزید خبریں :