Time 16 اگست ، 2024
پاکستان

شکیل خان کو کابینہ سے نکالنے پر پی ٹی آئی پختونخوا میں اختلافات سامنے آگئے

شکیل خان کو کابینہ سے نکالنے پر پی ٹی آئی پختونخوا میں اختلافات سامنے آگئے
فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا میں وزیر برائے کیمونیکیشن اینڈ ورکس کو ہٹانے کے معاملے پر پی ٹی آئی میں شدید اختلافات سامنے آگئے۔

پی ٹی آئی رہنما عاطف خان اور جنید اکبر ہٹائے جانے والے وزیر شکیل خان کے حق میں بول پڑے۔

سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے ایک بیان میں کہا کہ شکیل خان 10 سال کابینہ میں ساتھ رہے، آج تک ان سے زیادہ ایماندار وزیر نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے پوچھنے پر انہوں نے کے پی کابینہ میں کرپشن کی نشاندہی کی تھی، شکیل خان کے خلاف سازش کی گئی جس کے دو کرداروں کو وقت آنے پر بے نقاب کریں گے۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کہا کہ حلف اٹھاتا ہوں سابق وزیر شکیل خان انتہائی ایماندار شخص ہیں،10 سال وزیر ہوکر بھی آج تک اس کے پاس ذاتی گاڑی نہیں اور آج بھی وہ اپنے سکیورٹی گارڈز اور پی ایس کا مقروض ہوتا ہے، چوری کا سراغ لگانے کے طریقہ کار سے اختلاف کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکیل چور ہوتا تو کبھی بھی بانی پی ٹی آئی کے پاس جا کر چوری کی شکایت نہیں کرتا، اگر میں غلط بیانی کروں تو مجھ پر اور میرے بچوں پر اللہ پاک کا عذاب ہو، میں وہ بندہ نہیں جو خود ایمانداری کا ڈرامہ کرو اور دوستوں کے کرپشن پر پردہ ڈالو۔

مزید خبریں :