فیکٹ چیک: ڈرائیونگ لائسنس فروخت کرنے والی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جعلی ویب سائٹ بے نقاب

جیو فیکٹ چیک کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جعلی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر کوئی بھی لنک بشمول”About“”Services“ اور”Contact“ فعال نہیں ہے۔

آن لائن صارفین نے اطلاع دی ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ایک جعلی ویب سائٹ جعلی ڈرائیونگ لائسنس فروخت کر رہی ہے۔

دعویٰ سچ ہے۔

دعویٰ

7 اگست کوایک X (سابقہ ٹوئٹر) صارف نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایک مبینہ ویب پیج کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ 

اس ویب سائٹ پر صارفین سے درخواست کی گئی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کریں۔ پوسٹ، جس میں ویب سائٹ https://dlims-itp.com/ کا لنک شامل تھا، الزام لگایا گیا کہ یہ لائسنس فروخت کرنے کے لیے بنائی گئی جعلی ویب سائٹ ہے۔

فیکٹ چیک: ڈرائیونگ لائسنس فروخت کرنے والی اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جعلی ویب سائٹ بے نقاب

حقیقت

اسلام آباد پولیس کے دو اہلکاروں نے تصدیق کی ہے کہ ویب سائٹ فراڈ ہے۔

اسلام آباد پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر تقی جواد نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ ویب سائٹ کا اسلام آباد پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ممکن ہے کہ یہ کسی فراڈیے نے بنائی ہو تو اس کے حوالے سے کارروائی کر رہے ہیں اور اس پر ہمارا سائبر کرائم ونگ کام کر رہا ہے۔“

اسلام آباد پولیس کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سب انسپکٹر عبدالرشید نے بتایا کہ پولیس نے جعلی سائٹ کے انٹرنیٹ پروٹوکول (IP) ایڈریس کو ٹریس کر لیا ہے اور سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کو شکایت جمع کرائی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی آفیشل ویب سائٹ درحقیقت یہ ہے:

https://islamabadpolice.gov.pk/

جیو فیکٹ چیک کے مزید معائنے سے یہ بات سامنے آئی کہ جعلی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر کوئی بھی لنک بشمول”About“ ”Services“ اور ”Contact“ فعال نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویب سائٹ مستند نہیں ہے۔

ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔