Time 17 اگست ، 2024
دنیا

بنگلادیش، طلبا رہنماؤں کی اپیل پر وزیراعظم ہاؤس سے لوٹےگئے سامان کی واپسی شروع

بنگلا دیش میں طلبا رہنماؤں کی اپیل  پر  وزیر اعظم  ہاؤس سے لوٹےگئے سامان کی واپسی شروع ہوگئی۔

مظاہرین نے حساس دستاویزات، فرنیچر، الیکٹرونک آلات، زیورات اور جانوروں سمیت 500 اشیا واپس کردیں۔

مظاہرے میں شامل ایک شخص وزیر اعظم ہاؤس سے بطخ اٹھا کر لے گیا تھا جو کہ اس نے پکا کر کھالی تھی، اس شخص نے بطخ کی قیمت جمع کروائی۔

ایک اور شخص نےہیرے کی نتھ اور جھمکوں سمیت دیگر  زیورات لوٹائے۔ وزیراعظم ہاؤس کےکبوتر اور  بلی بھی واپس کر دیےگئے۔

طلبا رہنماؤں کو وزیراعظم کی رہائش گاہ سے میک اپ بیگ لے جانے والی خاتون کی تلاش ہے۔

واپس کیے گئے  خفیہ دفاعی اور  سکیورٹی  دستاویزات  محفوظ مقام پر منتقل کردی گئی ہیں اور فوج ان کی نگرانی کر رہی ہے۔

لوٹے گئے سامان کی واپسی کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے گیٹ پر ایک کاؤنٹر قائم کیا گیا ہےجہاں لوگ لوٹی ہوئی اشیا جمع کروا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 5 اگست کو بنگلادیش میں پرتشدد مظاہروں اور ان کے نتیجے میں سیکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد مستعفی ہوکر  بھارت  فرار ہوگئی تھیں۔

شیخ حسینہ واجد کے  بھارت جانے کے بعد مظاہرین ان کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے تھے جہاں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور سامان بھی اٹھا کر لے گئے تھے۔

مزید خبریں :