19 اگست ، 2024
بھارتی میڈیا پر ان دنوں بالی وڈ کپل ابھیشیک بچن اور ایشوریارائے کی طلاق کی افواہیں سرگرم ہیں لیکن حال ہی میں ابھیشیک شادی کی انگوٹھی دکھا کر واضح کرچکے ہیں وہ تاحال شادی شدہ ہیں ۔
اپریل 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ابھیشیک اور ایشوریا کا رشتہ ان دنوں مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور اس بات کا دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے گزشتہ برس سے کیا جارہا ہے۔
اس دوران امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کے بہو سے تعلق کے اعتراف کی ویڈیو بھارتی میڈیا پر سامنے آئی ہے۔
ویڈیو جیا بچن کے بھارتی میڈیا کو ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو کا کلپ ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنے دونوں بچوں بچن ابھیشیک اور شویتا بچن کے لیے بے حد سخت ماں ہیں۔
جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ ایشوریا کیلئے بھی ایسے ہی سختی کرتی ہیں؟ اس پر جیا نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ نہیں میں ایشوریا کیلئے سختی نہیں کرتی ، ایشوریا میری بہو ہیں بیٹی نہیں‘۔
جیا بچن نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا تھا کہ ایشوریا کے ساتھ سختی کا حق ان کی ماں کے پاس ہے میرے پاس نہیں۔
ابھیشیک اور ایشوریا میں علیحدگی کی افواہوں کے درمیان جیا بچن کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جیا بچن کے بھارتی شو’ کافی ود کرن ‘ کے ماضی میں دیے گئے انٹرویو کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں جیا نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر امیتابھ بچن ایشوریا کو بہو نہیں بلکہ بیٹی تسلیم کرتے ہیں ایسی بیٹی جو ان کی اپنی بیٹی شویتا کی شادی کے بعد خالی خلاکو پر کرتی ہے۔
بالی وڈ جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبریں اس وقت عروج پر آئیں جب مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی کی شادی کے فوٹو شوٹ میں بچن خاندان کو ایشوریا رائے اور آردھیا کے بغیر دیکھا گیا۔
دوسری جانب ایشوریا بھی بیٹی آرادھیا کے ساتھ اکیلے پہنچی تھیں جس سے اداکاروں کے درمیان دوری کی خبروں نے جنم لیا ۔